اسرائیل کا قطر میں حماس رہنماؤں پر حملہ، امارات نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرلیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے قطر میں حماس رہنماؤں پر حملے کے بعد جمعہ کو اسرائیلی سفیر کو طلب کر لیا۔اسرائیلی خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا کہ قطر میں حماس کے رہنماؤں پر حملے کے خلاف متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرلیا۔اماراتی اقدام کو قریبی اقتصادی اور دفاعی روابط کے حامل دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں تناؤ کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

دو زوز قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے سے پہلے بھی ابوظبی اور اسرائیل کی دائیں بازو کی حکومت کے تعلقات مغربی کنارے کے الحاق کے منصوبے پر کشیدہ تھے، جسے امارات نے ’سرخ لکیر‘ قرار دیا تھا۔اسرائیل کی جانب سے حماس کے سیاسی رہنماؤں کو قتل کرنے کی کوشش پر عالمی سطح پر مذمت کی گئی، تاہم اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے قطر کو وارننگ دی کہ یا تو وہ حماس کے عہدیداروں کو ملک بدر کرے یا انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے، کیونکہ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو ہم کریں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 30 برس میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والا سب سے نمایاں عرب ملک، یو اے ای نے نیتن یاہو کے بیان کو ’جارحانہ‘ قرار دے کر اس کی مذمت کی، یہ مذمت اس وقت سامنے آئی جب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان خلیجی ممالک کے دورے پر تھے تاکہ اسرائیلی حملے کے حوالے سے موقف ہم آہنگ کیا جا سکے۔