مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ چار دہشتگرد ہلاک، دھماکہ خیز مواد بر آمد

سیکیورٹی فورسز قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آئی ایس پی آر

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:00

مستونگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جہاں بھارتی پراکسی فتنة الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔

علاقے میں کسی بھی دیگر دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پٴْرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔