Live Updates

ایشیا کپ میں پاکستان کا شاندار آغاز، عمان کو 93 رنز سے شکست

ہفتہ 13 ستمبر 2025 00:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025ء کے اپنے افتتاحی میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دے کر شاندار انداز میں مہم کا آغاز کیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی نصف سنچری اور اسپنرز کی شاندار باؤلنگ نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

اب پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار، 14 ستمبر کو اسی مقام پر روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم 16.4 اوورز میں صرف 67 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عمان کی جانب سے حماد مرزا نے 27، عامر کلیم نے 13 اور شکیل احمد نے 10 رنز بنائے جبکہ باقی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکے۔ پاکستان کے اسپنرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

(جاری ہے)

صوفیان مقیم اور صائم ایوب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور ابرار احمد کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ فہیم اشرف نے صرف 6 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ محمد حارث نے 43 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

ان کا صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ پر 85 رنز کی شراکت ٹیم کے مجموعی اسکور میں اہم ثابت ہوئی۔ صاحبزادہ فرحان نے 29 اور فخر زمان نے ناٹ آؤٹ 23 رنز بنائے۔ عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ 20 اوورز میں پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 160سکور بنائے جس میں محمد حارث 66، صاحبزادہ فرحان 29، فخر زمان 23 ناٹ آؤٹ؛ عامر کلیم 31، شاہ فیصل 34،عمان 67 ،حماد مرزا 27،فہیم اشرف 6، سفیان مقیم 7 اورصائم ایوب 8 سکور بنا سکے۔محمد حارث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات