سوڈان پر پابندیاں سیاسی دباؤ یا مداخلت کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کی جائیں ، فوری جنگ بندی، انسانی بحران میں کمی اور امن کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے،چین

ہفتہ 13 ستمبر 2025 10:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سوڈان پر پابندیوں کی تجدید کے حوالے سے قرارداد منظور کرنے کے موقع پر چین نے خبردار کیا ہے کہ پابندیاں سیاسی دباؤ یا مداخلت کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کی جائیں بلکہ فوری جنگ بندی، انسانی بحران میں کمی اور امن کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے۔چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ بات چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے اپنے خطاب میں کہی۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کا مخلصانہ طور پر تحفظ کرے، اقوام متحدہ اور افریقی یونین کی قیادت میں کی جانے والی مصالحتی کوششوں کی حمایت کرے تاکہ سوڈان میں جلد از جلد امن و استحکام بحال کر سکے۔

(جاری ہے)

چین کے نمائندے نے واضح کیا کہ سوڈان میں جاری تنازعے نے عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ کیا ہے اور انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کا فیصلہ کہ سوڈان کے دارفور خطے سے متعلق پابندیوں کی تجدید کی جائے، اسلحے کی جنگی علاقے میں ترسیل و تنازعے میں شدت کو روکنے اور شہریوں کا نقصان کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اس قرارداد کی دفعات پر خلوص نیت سے عمل اور متعلقہ اقدامات کو موثر طریقے سے نافذ کریں گے۔