خیبر پختونخوا میںسیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 35 خوارج ہلاک، 12 جوان شہید

ہفتہ 13 ستمبر 2025 16:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 35 بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کو ہلاک کر دیاجبکہ فورسز کے 12 جوانو ں نے جام شہاد ت نو ش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنة الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی کے حامل 22 خوارج ہلاک کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 مزید خوارج بھی مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آرکے مطابق شہدا نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر جانیں نچھاور کیں، ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس میں گھناؤنے عمل میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، فتنہ الخوارج کا پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال بدستور شدید تشویش کا باعث ہے، پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی۔آئی ایس پی آر نے توقع ظاہر کی ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کوپاکستان مخالف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا، علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لییکلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔