Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

ہفتہ 13 ستمبر 2025 18:06

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر مظفرگڑھ اور علی پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری متاثرہ علاقوں میں موجود رہ کر آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔اس حوالے سے آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ بھی ان کی معاونت کر رہے ہیں۔

ترجمان ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مطابق پاک فوج، ریسکیو 1122 اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں سیت پور، لتی، کندائی، سلطان پور، خیرپور اور گردونواح کے دیہات میں پھنسے ہوئے شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک منتقل کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

فلڈ بند پر موجود فیملیز کو روزانہ کی بنیاد پر خوراک و راشن پہنچایا جا رہا ہے جبکہ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ خاندانوں کو رہائش، کھانا، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

آر پی او کے احکامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جو نہ صرف متاثرہ علاقوں میں گشت کر رہی ہے بلکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔انہوں مزید بتایا کہ ڈی پی او مظفرگڑھ اور ڈپٹی کمشنر خود سیلابی پانی میں اتر کر ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں جس سے عوام اور انتظامیہ کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے پنجند ہیڈ ورکس کا دورہ کر کے پانی کی آمد و اخراج کا جائزہ لیا اور مزید کشتیاں و وسائل فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب علی پور کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

پولیس کشتیوں کے ذریعے پٹرولنگ بھی کر رہی ہے اور متاثرین کے حوصلے بلند رکھنے کے لیے بھی پیش پیش ہے۔ پنجاب پولیس ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ منظم اور ہمہ جہت ریسکیو و ریلیف آپریشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پنجاب حکومت قدرتی آفت کے مقابلے میں پوری قوت سے میدان میں موجود ہے اور متاثرین کی بحالی تک یہ عمل جاری رہے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات