Live Updates

سیلاب متاثرین کو فلڈ ریلیف کیمپس میں پینے کے صاف پانی کی بلا رکاوٹ فراہمی جاری ہے، ایم ڈی واسا خالد رضا خان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 18:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور ہدایات کے مطابق واسا ملتان فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے دن رات سرگرم ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں اور متاثرین کو واٹر باؤزرز اور بوتلوں کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ترجمان واسا کا کہنا تھا ایم ڈی واسا خالد رضا خان کی نگرانی میں متاثرین کو 6 لیٹر کی بڑی بوتلیں بھی تقسیم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں کیمپس میں زیادہ سہولت میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل اور ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے ہدایت کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔کمشنر ملتان ڈویژن کی سربراہی میں متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ واسا نے ایمرجنسی نافذ کر کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو بھی رواں رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ایم ڈی واسا خالد رضا خان کا اس مو قعہ پر کہنا تھا کہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا واسا کی ترجیح ہے اور سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات