جرگے کے حکم پر جواں سال شادی شدہ خاتون کے قتل کے مقدمہ کا چالان عدالت میں جمع

ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں جرگے کے حکم پر جواں سال شادی شدہ خاتون کے قتل کے مقدمہ کا چالان عدالت میں جمع کروادیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر میاں نے کیس کی پیروی کے 4 رکنی خصوصی ٹیم کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عابد رضوان عابد کے رخصت پر ہونے کے باعث مقدمہ کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر 15 ستمبر تک ملتوی کردی گئی مقدمہ کے چالان میں گرفتار 9 ملزمان کو اپنے الگ کردار کے مطابق قصور وار قرار دیا گیا ہے کیس کی پیروی کے سینئر سرکاری وکلا پر مشتمل 4 رکنی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر انعام رحیم ٹیم کے سربراہ ہوں گے جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر رحمان شوکت بھٹی، طارق شہزاد اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ثناء اللہ کمیٹی میں معاونت کریں گے یاد رہے کہ مقتولہ سدرہ عرب کو رواں سال 16 اور 17 جولائی کی درمیانی رات قتل کر کے مقامی قبرستان میں دفن کرنے کے بعد قبر کے نشانات بھی مٹا دیئے گئے تھے مقدمے کا چالان گزشتہ ماہ مکمل کر کے اے ڈی پی پی کو بھیجوایا گیا تھا جبکہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے گزشتہ روز چالان کی منظوری دی تھی جسے ہفتہ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا اس مقدمہ میں نامزد جرگے کے سربراہ عصمت اللہ، مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمن، والد عرب گل، بھائی ظفر،سسر سلیم گل، مقتولہ کا چچا مانی گل، گورکن قبرستان راشد محمود، ممبر قبرستان کمیٹی سیف الرحمان اور رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا تھا جو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔