سوپور، پھل کاشتکاروں کا بی جے پی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاج

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سینکڑوں پھل کاشتکاروں نے بی جے پی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سوپور میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ سرینگر جموں شاہراہ کی مسلسل بندش کے باعث پھل تاجروں کا تقریباً کئی سو کروڑ روپے کا نقصان ہواہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے کہا کہ پھلوں سے لدے ہزاروں ٹرک گزشتہ دوہفتوں سے سرینگر جموں شاہراہ پر پھنسے ہوئے ہیں جسکی وجہ سے ان پر لدا ہوا پھل خراب ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق کاشتکاروں کا 12سو کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ شاہراہ کی مکمل بحالی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کا شدید نقصان ہو رہا ہے۔ سوپور فروٹ منڈی ایسوسی ایشن کے صدر فیاض احمد ملک نے کہا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب مقبوضہ علاقے کے پھلوں کی صنعت تباہی کے دہانے پر ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر انتظامیہ نے معاملے کی طرف فوری توجہ نہ دی تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔