طاہرمحمود اشرفی کی بشپ آزاد مارشل سے ملاقات،انتہا پسندی کے خاتمے و ملکی استحکام کیلئے مشترکہ جدوجہد پراتفاق

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:31

طاہرمحمود اشرفی کی بشپ آزاد مارشل سے ملاقات،انتہا پسندی کے خاتمے و ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ہفتہ کے روز یہاں صدر چرچ آف پاکستان بشپ آزاد مارشل سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام امن کمیٹی میں غیر مسلم پاکستانیوں کی بھرپور نمائندگی موجودہ حکومت کا اہم فیصلہ ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی ، روداری کے فروغ، انتہا پسند ی کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا گیا۔ بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ پہلی مرتبہ ہے کہ قومی سطح کی اس طرح کی کسی کمیٹی میں پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کو بھرپور نمائندگی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیغام امن کمیٹی میں غیر مسلم پاکستانیوں کی بھرپور نمائندگی موجودہ حکومت کا اہم فیصلہ ہے ،اس سے ملک کے اندر بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کو فروغ ملے گا، انتہا پسندی ، دہشت گردی اور عدم برداشت کا خاتمہ اور پیغام پاکستان کے بیانیہ کو عملی طور پر نفاذ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کیلئے آئین پاکستان میں تمام امور طے ہیں ، پاکستان میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کیلئے قانون کی بالادستی ہی سب سے اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دفاعی طور پر جس طرح مضبوط ہے ، معاشی طو ر پر بھی اسے مضبوط بنانے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے جس کے فروغ کیلئے پیغام امن کمیٹی کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔