اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور بربریت قابلِ مذمت ہے، عبدالعلیم خان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:21

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور بربریت قابلِ مذمت ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور سفاکانہ رویے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو ظلم و بربریت پر آمادہ ایک سنگدل شخص ہے جس نے معصوم بچوں اور نہتے شہریوں پر بمباری کرکے انسانیت کو شرمسار کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی جارحیت انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ یہ ایک سال کے دوران اسرائیلی حملوں کا شکار ہونے والا پانچواں اسلامی ملک ہے، جو مسلم امہ اور عرب ممالک کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ }عبدالعلیم خان نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پیغام میں کہا کہ مسلم ممالک اگر الگ الگ رہے تو سب کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، لیکن اگر عالم اسلام متحد ہو جائے تو اسرائیل کبھی ایسی جرات نہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک نے اسرائیلی جارحیت پر بروقت ردعمل دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب نے جرات مندانہ موقف پیش کرکے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم جانوں کا قتل اور شہری آبادیوں کو فاقوں میں مبتلا کرنا کھلی دہشتگردی ہے جسے کسی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق اسرائیلی ریاست اب ایک دہشتگرد قوت میں بدل چکی ہے جو معصوم فلسطینیوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیلی بربریت اور دہشتگردی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔