Live Updates

سیلاب زدہ علاقوں میں 200 کلوگرام وزنی شخص یا سامان کو اٹھانے کیلئے ایئرلفٹ ڈرون آپریشن شروع ہوگیا

جہاں کشتیوں سے رسائی ممکن نہیں وہاں ڈرونز سے خوراک، ادویات پہنچائی جا رہی ہیں، ڈرون کی مدد سے 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر پھنسے افراد تک رسائی ممکن ہوچکی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:44

سیلاب زدہ علاقوں میں 200 کلوگرام وزنی شخص یا سامان کو اٹھانے کیلئے ایئرلفٹ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 ستمبر 2025ء ) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا ایئر لفٹ ڈرون ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں محکمہ داخلہ کے ایئر لفٹ ڈرونز دور دراز اور ناقابلِ رسائی علاقوں میں پھنسے افراد کو تلاش کر کے کھانا اور ادویات پہنچا رہے ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جن متاثرہ علاقوں اور مقامات تک کشتیوں سے رسائی ممکن نہیں وہاں ڈرونز سے بیک وقت 200 کلوگرام تک خوراک، ادویات اور امداد پہنچائی جا رہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس راؤ تسنیم علی خان متاثرہ علاقوں میں خود جاکر ڈرون ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں جاری ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنی طرز کا پہلا آپریشن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت سول ڈیفنس پنجاب سیلاب میں پھنسے افراد کیلئے امید کی کرن بن گیا ہے اور 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر پھنسے افراد کو ڈرون کی مدد سے خوارک اور ادویات پہنچائی جا چکی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ سول ڈیفنس پنجاب ڈرونز کی مدد سے سیلاب میں پھنسے افراد کو دور دراز علاقوں میں تلاش کر رہا ہے۔ ایئر لفٹ ڈرونز ایک وقت میں 200 کلوگرام تک وزنی شخص یا سامان کو اٹھا کر محفوظ طریقے سے مطلوبہ مقام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ایسے دور دراز علاقے جہاں کشتیوں سے رسائی ممکن نہیں وہاں ڈرونز کی مدد سے امداد پہنچائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن دن رات مستقل جاری ہے اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب راؤ تسنیم علی خان متاثرہ علاقوں میں جاکر خود ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن ہے جس میں ڈرونز کی مدد سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو محفوظ انداز میں ایئرلفٹ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے 10 مزید ایئر لفٹ ڈرونز کی فوری خریداری کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار اور رضاکار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کیساتھ ہرممکن امداد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے تمام متعلقہ محکمے اور افسران 24 گھنٹے فیلڈ میں متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات