وزیراعظم شہبازشریف 15 ستمبر کو قطر میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:33

وزیراعظم شہبازشریف 15 ستمبر کو قطر میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف 15 ستمبر کودوحہ میں منعقد ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قطر کا دورہ کریں گے۔ہفتہ کو ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس جس کی مشترکہ سپانسر شپ پاکستان کے پاس ہے،یہ اجلاس دوحہ پر حالیہ اسرائیلی حملے، فلسطین میں حالیہ پرتشدد واقعات میں اضافہ ،اسرائیل کی غزہ پر قبضہ کرنےکوشش، مغربی کنارے میں آباد کاریوں کو توسیع دینے اور فلسطینیوں کے زبردستی انخلا کے حوالے سے منعقد کیا جا رہا ہے ۔

اجلاس میں اوآئی سی ممالک کے سربراہان مملکت، وزرائے اعظم اور اعلیٰ عہدیداران شرکت کریں گے۔ اجلاس سے قبل 14 ستمبرکو وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار تیاری سیشن میں شرکت کریں گے۔ترجمان کے مطابق پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اورقطر اور دیگر علاقا ئی ممالک کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی ہے۔یکجہتی اور علاقائی اتحاد کے اظہار کے طور پر وزیر اعظم نے 11 ستمبر 2025 کو دوحہ کا دورہ کیا اور قطر کی قیادت سے ملاقات کی، جس میں پاکستان نے قطر کی سلامتی اور خود مختاری کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔