کراچی میں شادی کے روز دلہا لاپتہ، والد نے اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا

جہانزیب کورنگی نمبر چار پر واقعے سیلون جانے کے لیے موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 ستمبر 2025 11:55

کراچی میں شادی کے روز دلہا لاپتہ، والد نے اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2025ء) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شادی کے روز دلہا لاپتہ ہوگیا، والد نے اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شہر قائد کے علاقے کورنگی میں پیش آیا جہاں مدینہ کالونی سے شادی کے روز لاپتہ ہونے والا دولہا تاحال نہ مل سکا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ 2 روز بعد تھانہ زمان ٹاؤن میں درج کرلیا گیا، دولہے جہانزیب کے والد وسیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مدعی نے بتایا کہ جہانزیب کی بارات 11 ستمبر کو تھی، شادی کے روز وہ شام 6 بجے کورنگی نمبر چار پر واقعے سیلون جانے کے لیے موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا تھا لیکن شام تقریب ساڑھے 7 بجے سیلون سے تنویر نامی شخص کی کال آئی جس نے بتایا کہ جہانزیب تاحال سیلون نہیں پہنچا، فون کال کے بعد جہانزیب کی تلاش شروع کی اس ہی دوران جہانزیب کا زیر استعمال موبائل فون بھی گھر پر موجود پایا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ زمان ٹاؤن نفیس الرحمان کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے بتایا کہ جہانزیب نجی فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، اس حوالے سے والد کا مؤقف ہے کہ نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے کو اغوا کرلیا ہے، پولیس کی جانب سے اس واقعے کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے اور مغوی دولہے کی تلاش جاری ہے۔