پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے عالمی فنڈنگ پر 20 فیصد تک کٹ لگ گیا

ایک سال میں ہمیں ہرحال ملک سے پولیو کو ختم کرنا ہوگا،وزیر صحت‘انسداد پولیو مہم کو 5 دن کے بجائے 3 روز تک محدود کرنے کا فیصلہ

اتوار 14 ستمبر 2025 11:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)امریکا کی عالمی اداروں کوفنڈنگ میں کمی کے انسداد پولیو اقدامات پر منفی اثرات سامنے آنے لگے۔ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے عالمی فنڈنگ پر 20 فیصد تک کٹ لگ گیا۔پاکستان کو گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو جنیوا کے ذریعے فنڈنگ ملتی ہے، پاکستان میں انسداد پولیو پر سالانہ 25 کروڑ ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں۔

80 فیصد رقم یوایس ایڈ،یونیسف،ڈبلیو ایچ او،بل گیٹس،دیگر تنظیمیں دیتی ہیں۔ پاکستان کے دوست ممالک بھی انسداد پولیو مہم میں حصہ لیتے ہیں۔وزارت صحت نے عالمی فنڈنگ کم ہونے کے بعد انسداد پولیو کی نئی حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ آئندہ سال سے انسداد پولیو مہم کو 5 دن کے بجائے 3 روز تک محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیو مہم سے جڑے ضلعی اور تحصیل سطح کے اسٹاف کی تعداد بھی کم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پولیو فنڈنگ کم ہونے پر کوشش کریں گے ایک سال میں پولیو کا خاتمہ کریں، اگلے ایک سال میں ہمیں ہرحال میں ملک سے پولیو کو ختم کرنا ہوگا، انسداد پولیو کے لیے عالمی فنڈنگ بتدریج سکڑتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پولیو کے خاتمے کے علاوہ کوئی ا?پشن باقی نہیں بچا، پاکستان کے معاشی حالات ایسے نہیں کہ یہ بوجھ اٹھا سکیں، اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ہمیں اس بیماری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔