جسٹس ظفر راجپوت سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس مقرر،آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

اتوار 14 ستمبر 2025 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)جسٹس ظفراحمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا گیا،وہ آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گء جبکہ سابق چیف جسٹس جنید غفارمدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج کو اس عہدے پر تعینات کیا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کی تاریخ سے لے کر "جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی طرف سے باقاعدہ چیف جسٹس کی تقرری تک اس کردار میں کام کریں گے۔قائم مقام چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب پیر 15 ستمبر کو ہوگی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری جسٹس ظفراحمدراجپوت سے بطور قائم مقام چیف جسٹس حلف لیں گے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جنید غفار کی مدت ملازمت 14ستمبرکو ختم ہوگئی ہے۔

جسٹس جنید غفار نے 14 فروری 2025 کو قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ وہ جسٹس محمد شفیع صدیقی کے دور کے بعد اس کردار میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔جسٹس راجپوت 16 اکتوبر 1965 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ سٹی آرٹس کالج سے آرٹس میں بیچلر، گورنمنٹ جناح لا کالج سے ایل ایل بی اور سندھ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کیا۔جسٹس راجپوت نے 1990 میں سندھ بار کونسل میں بطور وکیل داخلہ لیا اور 2001 میں ہائی کورٹ کے وکیل بنے۔1993میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے طور پر منتخب ہونے سے پہلے انہوں نے تین سال تک قانون کی پریکٹس کی۔ انہیں 31 اگست 2013 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی۔