Live Updates

صرف ضلع اسلام آباد میں سیلاب سی55ہزارکنال سے زائد زرعی اراضی پر فصلیں تباہ ہوئیں

نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کام جاری ہے اور ضلع بھر میں نقصانات کا اندازہ لگانے کے لئے مختلف ٹیمیں کام کر رہی ہیں،حکام

اتوار 14 ستمبر 2025 14:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں 27 اگست سے 3ستمبرتک ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ضلع اسلام آباد کی زراعت تباہ ہوگئی جہاں کھیت پانی میں ڈوب گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایاکہ تقریبا 2,800ہیکٹر یا 55,350کنال سے زیادہ کا رقبہ متاثر ہوا ہے جس میں تقریبا 2,200 ہیکٹر پر دھان کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کام جاری ہے اور ضلع بھر میں نقصانات کا اندازہ لگانے کے لئے مختلف ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔محکمہ زراعت کے ایک افسرشاہنواز احمد شاہ نے بتایاکہ آرونی، بنگہ ڈاراور جبلی پورہ سمیت 35 متاثرہ علاقوں میں تخمینے کے مطابق تقریبا 2200ہیکٹر رقبے پر دھان کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

کچھ فصل بیمہ اسکیم میں پہلے سے رجسٹرڈ ہیں اور بہت سے کسان رجسٹرڈنہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیمیں نقصانات کا اندازہ لگا رہی ہیں۔ ہم اپنے کسان بھائیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ نقصانات کی تفصیلات ہمارا افسران کو فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ گنڈ چہل اور بنگہ ڈار سمیت بالائی علاقوں میں مکئی اورسبزیوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔ زیریں علاقوں میں دھان کے کھیت کئی دنوں تک زیر آب رہے جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر 100فیصد تک نقصان ہوا۔شاہنواز احمد شاہ نے بتایا کہ نقصانات کے حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے اور سرکاری ہدایات کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات