Live Updates

ملک بھر کی تاجر برادری حکومت اور سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے،میاں راشد اقبال

اتوار 14 ستمبر 2025 17:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں راشد اقبال نےجنوبی پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی حکومت اور سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ ملک کو معاشی و زرعی بحران سے نکالا جا سکے۔

پنجاب میں21 لاکھ ایکڑسے زائد پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ کپاس کی 1 لاکھ 10 ہزار 850 ایکڑ فصل پانی میں بہہ گئی جس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ہے ۔ چاول اور مکئی کی فصل بھی شدید متاثر ہوئی۔میاں راشد اقبال نے کہا کہ کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔اگر ایسا نہ کیا گیا تو شدید مہنگائی، غذائی قلت اور زرعی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری طور پر تمام ضروریات زندگی کی اشیا، کھاد بیج اور زرعی ادویات پر سبسڈی کا اعلان کیا جائے اور سیلاب زردہ علاقوں میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تباہی سے بچاؤ کیلئے حکومت اپنا مقدمہ مؤثر طریقہ سے پیش کرے اور مستقبل میں اس تباہی و بربادی سے بچنے کیلئے بہتر حکمت عملی بنائے.
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات