Live Updates

پاکستانی عوام کے حوصلے دشمن کے گولوں یا ابی دہشتگردی سے کمزور نہیں ہوتے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 14 ستمبر 2025 18:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور چیئرپرسن شیڈ ٹرسٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجوات کی عوام سرحد پر بھارت کی ہر جارحیت کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے، باؤنڈری لائن پر آباد پاکستانی عوام کے حوصلے دشمن کے گولوں یا ابی دہشتگردی سے کمزور نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہادر لوگ بھارتی فائرنگ اور بمباری کے باوجود اپنے کھیتوں، دکانوں اور روزمرہ کے معمولات جاری رکھتے ہیں۔

ان کا یہ عزم پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوجے چک، بجوات میں شیڈ ٹرسٹ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے کیمپ میں ینگ ڈاکٹرز اور ماہرینِ امراضِ قلب، اطفال، چشم، جلد، ناک و گلا کے ساتھ ساتھ الٹراساؤنڈ سپیشلسٹ نے مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے کسانوں اور محنت کش طبقات کو شدید نقصان پہنچایا ہے، لائیو اسٹاک کی ہلاکت سے دیہی معیشت اور دودھ کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر کسانوں کے ٹیکس معاف کرے، بینکوں کے ذریعے انہیں بیج اور قرض کی سہولیات فراہم کرے اور لائیو سٹاک کی ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

اس موقع پرڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پنجاب ہائی وے اور پی ٹی اے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی درخواست پر بجوات میں ٹریفک اور مواصلاتی رابطے بحال کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر متاثرین کی یکساں مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بھی ظلم اور بربریت کے خلاف آواز بلند کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جس طرح کھیل کے میدان میں پاکستان اپنے جذبے اور اتحاد سے فتح حاصل کرتا ہے، اسی طرح مشکلات اور آزمائشوں کے میدان میں بھی پاکستانی قوم سرخرو ہوگی۔ انہوں نے کرکٹ کے میدان میں انڈوپاک ٹاکرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح 1965ء میں دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی گئی تھی، اسی طرح آج کے میچ میں بھی گرین شرٹس قوم کی دعاؤں اور عزم کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بجوات کے عوام کی تکالیف اور ان کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیڈ ٹرسٹ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال ہر حال میں عوام کی خدمت کے لیے موجود ہے اور متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات