لائن لاسز اور نااہلی چھپانے کے لیے اووربلنگ کے ذریعے عوام پر 244 ارب کا بوجھ ڈالنا انتہائی شرمناک ہے،پروفیسرمحبوب الزمان بٹ

اتوار 14 ستمبر 2025 18:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے کہاہے کہ لائن لاسز اور نااہلی چھپانے کے لیے اووربلنگ کے ذریعے عوام پر 244 ارب کا بوجھ ڈالنا انتہائی شرمناک ہے، حکومت کو عوام سے لوٹی ہوئی یہ رقم واپس کرنی چاہیے اور اس کے ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کرپشن اور بدانتظامی کی بدترین شکل ہے۔

حکمرانوں اور اداروں کی نااہلی کی سزا عوام کو مل رہی ہے۔ انہوں نے آڈیٹرجنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے اربوں روپے کی اووربلنگ پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں لائن لاسزاور اپنی ناقص کارکردگی چھپانے کیلئے اوربلنگ میں ملوث ہیں،آڈٹ رپورٹ نے مالی بے ضابطگیاں بے نقاب کردیںلیکن اپنی نااہلی چھپانے کیلئے صارفین کی جیبوں سے اضافی پیسے نکلوانے والے کسی افسر کو سزا بھی نہ ملی۔

(جاری ہے)

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیسکو سمیت تمام تقسیم کارکمپنیوںنے 244ارب کی اووربلنگ کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ افسوس کامقام ہے کہ کمپنیوں نے عوام کو رقم واپسی کے دعوے کی لیکن آڈٹ کے دوران اس دعوے کو ثابت کرنے کے لیے کسی قسم کے دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیے۔ لائن لاسز پورے کرنے کیلئے اضافی لوڈ کی مد میں 22 ارب کی اوور بلنگ کی گئی۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ اس بددیانتی، کرپشن، ہیرا پھیری اور لوٹ کھسوٹ کے ایک ایک ذمہ دارکو انصاف کے کٹہرے میں لائے جائے اور عوام کو لوٹی ہوئی رقوم واپس کی جائیں۔