Live Updates

&معجز فاؤنڈیشن اور محکمہ انسانی حقوق کے اشتراک سے فروغ امن اور اقلیتوں کے حقوق بارے سیمینار

اتوار 14 ستمبر 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء) معروف سماجی رہنما و چیئرمین تحریک امن پاکستان مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موجود قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جانا نہایت ضروری ہے۔معاشرے کی اصل طاقت اس بات سے نہیں کہ وہ اپنی اکثریت کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے بلکہ اس امر سے ہے کہ وہ اپنی اقلیتوں کو کس حد تک تحفظ اور مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معجز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فروغ امن اور اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ منیجر ممتاز حسین اور محمد آصف جمیل نے شرکاء کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سیمینار کا اہتمام معجز فاؤنڈیشن نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام (UNDP)، محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور حکومت پنجاب، مقامی سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور امن کمیٹیوں کے اشتراک سے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام، اقلیتی برادری کے مذہبی رہنما، سماجی و سیاسی تنظیموں کے نمائندگان اور سرکاری اداروں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز مسلم، مسیحی، ہندو اور سکھ رہنماؤں کی اجتماعی دعاؤں سے ہوا جبکہ سیلاب متاثرین کی حفاظت اور جلد بحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ خطاب کرنے والے تمام مقررین اس بات پر متفق تھے کہ ایسے منصوبہ جات اور تقریبات جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آئیں اور باہمی بات چیت کا موقع پائیں، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوتی ہیں۔

مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فروغ امن اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئین پاکستان کا حصہ اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947ء کے خطاب کی روشنی میں اقلیتوں کو مساوی حقوق دینا ہوں گے۔ انہوں نے معجز فاؤنڈیشن کے پراجیکٹ منیجر ممتاز حسین اور ان کی ٹیم کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اختتامی دعا علامہ غلام مصطفیٰ انصاری نے کرائی۔ سیمینار میں مخدوم سید مطلوب بخاری، بشارت عباس قریشی، راؤ عارف رضوی، محترمہ عابدہ بخاری، شریف جوئیہ، رفیق قریشی، رانا عرفان الاسلام اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ نظامت کے فرائض معروف قانون دان معظمہ حسنین نے انجام دیے۔ سیمینار میں خطاب کرنے والوں میں علامہ مجاہد عباس گردیزی، علامہ ڈاکٹر ارشد بلوچ، انجینئر سخاوت سیال، خواجہ محمد بدر منیر، پروفیسر عبدالماجد وٹو، محترمہ شکنتلہ دیوی، راشدہ ریحانہ، تنزیلہ الطاف، مظہر جاوید، رانا توفیق، خاور حسنین بھٹہ، ملک عدنان، ملک مرید حسین، گرپریت سنگھ اور جہانزیب مسیح شامل تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات