جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل، عوامی امنگوں اور قومی استحکام کی ضامن ہے،قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان

پیر 15 ستمبر 2025 11:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل، عوامی امنگوں اور قومی استحکام کی ضامن ہے۔پیر کو’’یومِ جمہوریت‘‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت محض ایک سیاسی ڈھانچہ نہیں بلکہ یہ قوموں کی اجتماعی دانش، عوامی امنگوں اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت عوام کو آواز دینے، شمولیت کا حق عطا کرنے اور ان کی امنگوں کو ریاستی پالیسیوں میں عملی صورت دینے کی ضامن ہے۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ ہمارے اکابرین نے ہمیشہ آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد میں عوامی رائے اور جمہوری اصولوں کو ترجیح دی، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پارلیمانی جمہوریت کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا اور آج کا دن ہمیں اسی مشن کو یاد رکھنے اور آگے بڑھانے کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جمہوریت کے فروغ میں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ملک میں جمہوری عمل کے استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمہوریت نہ صرف قومی ترقی بلکہ عالمی امن، معاشی استحکام اور بین الاقوامی تعاون کی بھی ضامن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ عوامی رائے کا احترام اور جمہوری اصولوں پر عمل نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ریاست کی حیثیت سے ہمیشہ انصاف، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے قومی اور عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔سیدال خان نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہےکیونکہ یہی تسلسل پاکستان کو معاشی مشکلات، انتہاپسندی اور سلامتی کے مسائل سے نکال سکتا ہے، جب تک پارلیمان عوامی مینڈیٹ کی ترجمانی کرتی رہے گی، ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے اور شفافیت و احتساب کو یقینی بنایا جائے گا تب تک پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار ملک کے طور پر دنیا میں اپنی پہچان قائم رکھے گا۔

انہوں نےکہا کہ یومِ جمہوریت ہمیں قومی اتحاد، برداشت، رواداری اور عوامی خدمت کے جذبے کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، یہ دن ہمیں اس عہد کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنائیں جہاں انصاف سب کے لیے یکساں ہو، انسانی وقار کو مقدم رکھا جائے اور عوامی رائے کو حقیقی معنوں میں تسلیم کیا جائے،یہی جمہوریت کا اصل مقصد ہے اور یہی ہمارے قومی مستقبل کی روشن ضمانت ہے۔\932