اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید ٹرین چلانے کا فیصلہ

یہ سفر 20 منٹ میں طے ہو گا جس سے جڑواں شہروں میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 12:53

اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید ٹرین چلانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2025ء ) حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید ٹرین چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت برائے داخلہ امور طلال چوہدری کی ملاقات ہوئی جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے سامنے آنے والے مجوزہ منصوبے کے تحت یہ جدید ریل گاڑی مارگلہ ریلوے سٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی کے صدر سٹیشن تک چلائی جائے گی، یہ سفر 20 منٹ میں طے ہو گا جس سے ناصرف وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ اس کے ساتھ جڑواں شہروں میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی و اسلام آباد جڑواں شہروں میں شہری ٹرانسپورٹ کے لیے میٹرو بس کا نظام بھی موجود ہے جو حکومت پاکستان نے ترکیہ حکومت کی مدد سے تعمیر کیا، اس کی لمبائی 24 کلومیٹر ہے، جس پر 24 سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جو دونوں شہروں کے اہم مقامات پر ہیں، اس سروس کے ذریعے ایک دن میں 1 لاکھ 50 ہزار افراد کے سفر کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کہا جارہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان میں جدید شہری سہولتیں مہیا کرنے کا حصہ ہے جس کے تحت پہلے لاہور میٹرو بس شروع کی گئی تھی، اسی طرح راولپنڈی و اسلام آباد کا میٹرو بس پروجیکٹ اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایک اہم اور منفرد منصوبہ ہے جس کی تکمیل میں جدید تکنیکی مہارت کا استعمال کیا گیا اور راولپنڈی کی مصروف ترین شاہراہ مری روڈ کے دونوں اطراف ٹریفک کو رواں دواں رکھتے ہوئے اس منصوبے کو ڈیزائن کیا گیا۔