سرویکل کینسر سے بچائو کی قومی ویکسینیشن مہم 27 ستمبر تک جاری رہے گی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرسمبڑیال

پیر 15 ستمبر 2025 13:09

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او)سمبڑیال ڈاکٹرتحسین انور نے کہا ہے کہ سرویکل کینسر سے بچائو کی قومی ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرویکل کینسر سے بچائو کی قومی ویکسینیشن مہم پنجاب ، سندھ ،اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں 15 ستمبر سے شروع کردی گئی ہے جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچیوں میں سرویکل کینسر کے پھیلائو کا خطرہ بہت بڑھ چکا ہے ، اس سے بچائو کیلئے پاکستان میں اب ویکسین دستیاب ہے ،سرویکل کینسر کا خطرہ ہر عورت کو ہوسکتا ہے، اکثر یہ بیماری خاموشی سے بڑھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرویکل کینسر ایک حقیقی خطرہ ہے اور پاکستان میں خواتین میں تیسرا سب سے بڑا عام کینسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین مہم کا مقصد اس موذی مرض کو روکنا ہے، اس مہم کے تحت 9 سے14 سال تک کی عمر کی لڑکیاں مفت ایچ پی وی ویکسین لگوا سکتی ہیں اور اپنی زندگی کو کینسر کے خطرہ سے بچا سکتی ہیں، اس مہم کے تحت ویکسین لگوانے میں والدین تعاون کریں اور صحت مند معاشرہ کی تشکیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔