بھارتی وزیر اوربی جے پی رہنما گری راج سنگھ کی مسلمانوں کو دھمکی، مساجد سے فتوے جاری کرنا بند نہ کیا تو سخت ردعمل آئے گا،میڈیا سے گفتگو

پیر 15 ستمبر 2025 15:04

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) بھارت میں ٹیکسٹائل کے وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما گری راج سنگھ نے مسلمانوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مساجد سے فتوے جاری کرنا بند نہ کیا گیا تو مندروں سے سخت ردعمل آئے گا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گری راج سنگھ نے بہار میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلمانوں کو نمک حرام اوراحسان فراموش قراردیتے ہوئے کہا کہ کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار بہار میں سب کی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان تمام سرکاری سکیموں کا فائدہ اٹھاتے ہیں لیکن بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ اگر کوئی آپ سے مدد لیتا ہے اور بے ایمان نکلتا ہے تو اسے نمک حرام کہا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مولوی مساجد سے فتوی جاری کریں گے تو مندروں سے بھی ردعمل آئے گا۔ گری راج سنگھ اکثرمسلمانوں کے خلاف متنازعہ بیانات دیتے رہتے ہیں۔ ماضی میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کی مخالفت کرنے والے مسلمانوں کو پاکستان چلے جانا چاہیے۔