پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے روشن دین جونیجو انتقال کر گئے

پیر 15 ستمبر 2025 15:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق رکنِ قومی اسمبلی اور سابق ضلع ناظم سانگھڑ روشن دین جونیجو 74 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی،سانگھڑ، ٹنڈوآدم اور گردونواح میں فضا سوگوار ہوگئی۔ مرحوم روشن دین جونیجو، سابق وزیر مملکت و سینیٹر مرحوم شاہنواز جونیجو کے بڑے فرزند، موجودہ ایم این اے صلاح الدین جونیجو کے والد اور سابق ایم این اے محمد خان جونیجو کے بھائی تھے۔

ان کا تعلق ضلع سانگھڑ کی تحصیل ٹنڈوآدم کے گاؤں سنجر جونیجو سے تھا۔ روشن جونیجو یکم جنوری 1951 کو پیدا ہوئے۔ وہ 2002 میں ضلع سانگھڑ کے ضلع ناظم اور بعدازاں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-236 (سانگھڑ-II، سابق سانگھڑ-III) سے پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر 2008، 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں ایم این اے منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

وہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمیٹی سانگھڑ کے چیئرمین بھی رہے ۔

انہوں نے قومی اسمبلی کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کے رکن اور چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ مرحوم عوامی خدمت، ضلع کی ترقیاتی سکیموں اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے ایک فعال سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے۔ اپنے حلقے میں وہ نہ صرف پیپلز پارٹی کے مضبوط رہنما تصور کیے جاتے تھے بلکہ عوامی سطح پر بھی ان کا گہرا اثر و رسوخ تھا۔ روشن دین جونیجو کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت پارٹی کی قومی و صوبائی قیادت نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ مرحوم کی میت اسلام آباد سے آبائی گاؤں سنجر جونیجو لائی جائے گی اور منگل کی صبح 11 بجے ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔