قابض حکام نے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع میں 300سے زائدسوشل میڈیا اکائونٹس بندکردیئے

پیر 15 ستمبر 2025 22:55

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت غیر کشمیری انتظامیہ نے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن اضلاع میں 300سے زائدسوشل میڈیا اکائونٹس کو بلاک کر دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی جے پی حکومت نے ضلع ڈوڈہ میں رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کے بعد احتجاجی مظاہروں اور بی جے پی مخالف پوسٹس سے متعلق مواد کوروکنے کے لئے صرف تین دن میں ان اکائونٹس کو بلاک کردیا۔

قابض حکام نے بتایا کہ تینوں اضلاع کے آئی ٹی سیلز نے فیس بک، ایکس اور انسٹاگرام پلیٹ فارمز کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی اور زمینی صورتحال کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے والے اکائونٹس کا سراغ لگایا۔پولیس نے تصدیق کی کہ ان اکائونٹس کو چلانے والے متعدد ہینڈلرز کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ جموں و کشمیر میں مقامی طور پر کچھ اکائونٹس کا سراغ لگایا گیا ہے جبکہ بھارتی ایجنسیوں نے باقی اکائونٹس کو مستقل طور پر بندکرنے کے لیے سوشل میڈیا کمپنیوں کو خط لکھ دیا ہے۔

رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز ،تصاویر اور سیاسی رہنمائوں کے انٹرویوزمیں پولیس کی بربریت، بی جے پی کے مذموم ایجنڈے اور علاقے میں نام نہاد امن کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیاگیا ہے۔ ڈوڈہ ،کشتواڑاوررامبن رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سریدھر پاٹل نے کہا کہ تینوں اضلاع کے آئی ٹی سیلوں نے اکائونٹس کی شناخت کی اوران کو بند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کامواد شیئر کرنے والے اکائونٹس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔