راولپنڈی ٹریفک پولیس کا طلبہ کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کا اعلان

پیر 15 ستمبر 2025 20:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کے احکامات پر چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم نے سکول وینز، رکشوں اور سوزوکیوں میں طلبہ کی اوورلوڈنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔سی ٹی او کے مطابق رکشہ ڈرائیور کسی بچے کو آگے والی سیٹ پر بٹھانے کے مجاز نہیں ہوں گے جبکہ سوزوکی اور دیگر سکول وینز کی اگلی سیٹ پر صرف ایک شخص کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

گاڑیوں کے سائیڈز پر بیگز لٹکانے اور ایل پی جی سلنڈر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ٹریفک پولیس کا ایجوکیشن ونگ شہریوں اور والدین کو آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہم بھی چلائے گا۔سی ٹی او فرحان اسلم نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے لیے محفوظ سواری کا انتخاب کریں اور اوورلوڈنگ کرنے والی سکول وینز یا رکشوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔