انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگرکے خلاف نو مئی واقعات میں سرکاری گواہوں کے بیانات قلمبندکر لئے

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور میں تحریک انصاف کے رہنماوں ڈاکٹر یاسمین راشد عمر سرفراز چیمہ اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف عسکری ٹاور حملہ سمیت نو مئی کے واقعات میں زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے الزام میں درج چار مقدمات میں دو سرکاری گواہوں نے بیانات قلمبند کر لئے جبکہ ملزموں کے وکلا نے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کی۔

پراسیکوشن کے گواہان شہادت ریکارڈ کرانے کیلیے پیش ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں مغلپورہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی بھی سماعت ہوئی برضمانت اور زیر حراست ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی۔

(جاری ہے)

زیر حراست ملزمان ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کی حاضری مکمل کی گئی۔عدالت نے زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے پر سماعت 17 ستمبر اور عسکری ٹاور حملہ سمیت تین مقدمات کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی ۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر پراسکیوشن سے ضمانتوں پر دلائل طلب کر لئے ۔عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔