نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کھاد بنانے والے اداروں کو گیس کی پائیدار فراہمی سے متعلق اجلاس

منگل 16 ستمبر 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کھاد بنانے والے اداروں کو گیس کی پائیدار فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد کسانوں کے لیے یوریا کی مستحکم قیمتوں اور بروقت دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے منگل کو جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال، کھاد کے پلانٹس کے لیے گیس کی موجودہ مختص رقم اور کسانوں کی استطاعت کے ساتھ صنعت کی پائیداری کو متوازن کرنے کے لیے آپشنز کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

نائب وزیر اعظم نے وزارتوں، ریگولیٹرز اور صنعت کے درمیان ایک مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متوقع گیس کی فراہمی کی ضمانت دی جاسکے مارکیٹ میں بگاڑ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ فریقوں کو ہدایت کی کہ وہ ایسی حکمت عملی وضع کریں جو کسانوں کو قیمتوں میں اتار چڑھائو اور قلت سے محفوظ رکھے۔ اجلاس میں وزراء برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی، بجلی، موسمیاتی تبدیلی اور نجکاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ کے علاوہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، چیئرمین مسابقتی کمیشن آف پاکستان، نیشنل کوآرڈینیٹر پاور، متعلقہ سینئر سرکاری حکام اور فرٹیلائزر انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔