سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق کا بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کی سیاسی جدوجہد اور گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت

منگل 16 ستمبر 2025 22:59

سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق کا بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان(مرحوم) کی سیاسی جدوجہد اور گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مدبر اور وضع دار سیاستدان تھے، انہوں نے جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں اور ہمیشہ آئین کی حکمرانی، پارلیمان کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نوابزادہ نصر اللہ خان کی 22 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی سیاسی حکمت عملی، مصالحت پسندی اور اختلافات کو اتحاد میں بدلنے کی صلاحیت آج بھی قومی سیاست کے لیے ایک روشن مثال ہے، ان کی جدوجہد نے قومی سطح پر اتفاق رائے کی سیاست کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان تحریک پاکستان کے ایک سرگرم کارکن تھے اور بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی سیاسی خدمات کے اعتراف میں ان کی زیر استعمال ٹوپی اور حقہ قومی اسمبلی کے ہال آف آنر میں بطور یادگار رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی دیانتداری، اصول پسندی اور جمہوری اقدار سے وابستگی نواجون نسل کیلئے مشعل راہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی جدو جہد اور خدمات تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے مرحوم نوابزادہ نصر اللہ خان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔