Live Updates

لارج اسکیل مینوفیکچرنگ پیداوار میں سالانہ 8.99 فیصد گروتھ ریکارڈ

جون کے مقابلے جولائی میں پیداوار2.60 فیصد تک بڑھ گئی،وفاقی ادارہ شماریات

بدھ 17 ستمبر 2025 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)ملک میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں جولائی میں لارج اسکیل مینوفیچرنگ کی پیداوار میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گاڑیوں، ٹرانسپورٹ، فرنیچر اور ٹیکسٹائل سمیت متعدد صنتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ البتہ مشروبات، لوہے، اسٹیل، کیمکلز اور مشینری کی پیداوار میں کمی آئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ مالی سال کے پہلے ماہ گزشتہ سال کے مقابلے میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ پیداوار میں سالانہ 8.99 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔جون کے مقابلے جولائی میں پیداوار 2.60 فیصد تک بڑھ گئی۔ جولائی میں 15 سے زیادہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آئی۔

(جاری ہے)

خوراک، تمباکو، ٹیکسٹائل، ملبوسات، لیدر مصنوعات، پیپر بورڈ شامل ہیں۔

گاڑیوں، فرنیچر، ادویات، پیٹرولیم، ربڑ مصنوعات کی پیداوار بھی بڑھ گئی۔ نان منرل پروڈکٹس، کمپیوٹر، الیکٹرانکس، الیکٹریکل سیکٹر میں گروتھ رہی۔ ٹرانسپورٹ کے سامان، فرنیچر، فٹبال کی پیداوار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جولائی میں گاڑیوں کی پیداوار میں 58 فیصد تک اضافہ ہوا۔ فرنیچر 87 فیصد، ٹرانسپورٹ 46 اور ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 0.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

البتہ مشروبات، لکڑی، کیمکلز، کھاد، لوہے اسٹیل، مشینری کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔عارف حبیب لمیٹڈکی تجزیہ کار ثنا توفیق کے مطابق پالیسی ریٹ میں کمی(جو جولائی 2024 میں 19.5 فیصد سے کم ہوکر اب 11 فیصد پر ہی)نے پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا،مہنگائی کی شرح 3 فیصد تک آچکی ہے، لیکن اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کو بدستور 11 فیصد پر برقراررکھاہے۔

پاکستان اقتصادی بحران سے نکل چکاہے،مستقبل میں اگرچہ سیلاب جیسی قدرتی آفات سے وقتی رکاوٹیں آ سکتی ہیں، لیکن کم شرح سود پیداوار میں اضافے کو سہارا دے گی۔اے کے ڈی سیکیورٹیزکے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کے مطابق گارمنٹس کی پیداوار میں اضافہ امریکی آرڈرزکی بدولت ہوا، جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں بہتری اورگزشتہ سال کے کمزور اعداد و شمارکے باعث اضافہ ریکارڈکیاگیا،گاڑیوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کی وجہ بہتر معاشی حالات اور پلانٹ بندشوں کی عدم موجودگی تھی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات