ڈی آئی جی بنوں کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ ، زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی

بدھ 17 ستمبر 2025 23:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے چوکی مزنگہ پر فتنۂ الحوارج کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں تر جمان کے مطابق دورے میں ڈی آئی جی کے ہمراہ پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی بنوں نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی، ان کے حوصلے کو سراہا اور ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کر کے علاج معالجے، ادویات کی فراہمی، اور دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کے بہادر جوان ہماری اولین ترجیح ہیں، اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو ہر ممکن تعاون اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈی آئی جی بنوں نے زخمی اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔