وائس قونصل آف اسلامی ری پبلک آف ایرانی قونصلیٹ حسینی کا الحمراء کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) وائس قونصل آف اسلامی ری پبلک آف ایرانی قونصلیٹ حسینی نے لاہور آرٹس کونسل الحمراء کا خصوصی دورہ کیا۔جہاں انکو احسن انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد محبوب عالم چوہدری سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں پاکستان اور ایران کے مابین زبان و ادب، تہذیب و ثقافت، فنونِ لطیفہ اور مشترکہ ورثے کے فروغ سے متعلق تفصیلی اور بامعنی گفتگو ہوئی،دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی رشتوں کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد محبوب عالم چوہدری نے کہا کہ الحمراء ایک بین الاقوامی ثقافتی مرکز ہے جو عالمی سطح پر ادبی و ثقافتی اداروں سے تخلیقی روابط قائم کر کے امن، بھائی چارے اور تہذیبی ہم آہنگی کو فروغ دے رہا ہے، ایرانی فنکاروں اور وفود کو الحمراء میں کسی بھی ثقافتی سرگرمی کے لیے ہم دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، ماضی میں بھی الحمراء ایرانی قونصلیٹ کے ساتھ مل کر کئی ایک پروگرامز مرتب کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران دورہ کرنے والے رکن نے الحمراء کے مختلف ہالز کا وزٹ کیا اور یہاں کی ثقافتی فضا، سہولیات اور انتظامات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عمیر حسن نے وفد کو الحمراء کی سرگرمیوں اور ادب دوست ماحول پر بریفنگ دی۔واضح رہے کہ الحمراء اپنے بین الاقوامی وژن کے تحت عالمی ثقافتی تعلقات کو فروغ دے کر نئی نسل کو مشترکہ ورثے سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد محبوب عالم چوہدری نے وائس قونصل آف اسلامی ری پبلک آف ایرانی قونصلیٹ حسینی کو سوونیئر دیا۔