Live Updates

پی ٹی آئی کو اداروں کے ساتھ لڑوانا اور پارٹی میں اختلاف پیدا کرنا مسلم لیگ (ن) کی سب سے بڑی سازش ہے، ڈاکٹر شفقت ایاز

بدھ 17 ستمبر 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا سب سے بڑا سیاسی ہتھکنڈہ یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو اداروں کے ساتھ ٹکرائو کی طرف دھکیلا جائے اور دوسری طرف پارٹی کے اندر انتشار اور اختلافات کو ہوا دی جائے تاکہ تحریک انصاف کو کمزور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور قیادت کو اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ ن لیگ کی یہ سازش دراصل عوامی اعتماد کو مجروح کرنے اور عمران خان کے عوامی بیانیے کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ تاہم تحریک انصاف کے کارکنان کی قربانیاں اور ان کا اتحاد ان تمام منفی منصوبوں کو ناکام بنائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں ہر صورت قانون کی حکمرانی قائم ہونی چاہیے اور اداروں کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

عمران خان کا مؤقف ہے کہ ادارے ہمارے اپنے ہیں، ان کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرنا ہے کیونکہ ادارے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ انہوں نے ہمیشہ اداروں کے ساتھ تصادم کی بجائے تعاون کی بات کی ہے، کیونکہ پاکستان بھی ہمارا ہے اور ادارے بھی ہمارے ہیں۔ یہی سوچ ملک کو بحرانوں سے نکال کر استحکام اور ترقی کی طرف لے جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اچھی طرح معلوم ہے کہ عوام کا اعتماد صرف عمران خان اور تحریک انصاف پر ہے، اسی لیے وہ سازش کے تحت اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

لیکن کارکنان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ یہ منصوبہ تبھی ناکام ہوگا جب سب اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ اگر کارکنان متحد رہے تو وہ دن دور نہیں جب عمران خان جیل سے باہر ہوں گے اور عوامی مینڈیٹ کے حقیقی نمائندے کے طور پر ایک بار پھر قوم کی قیادت کریں گے۔ یہی دن ہماری جدوجہد کی اصل کامیابی ہوگا اور مخالفین کے تمام منصوبوں کی مکمل ناکامی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی جدوجہد اور قربانیاں اس قوم کے نوجوانوں اور عوام کے دلوں میں ایک نئی امید پیدا کر چکی ہیں۔ وہ پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول لیڈر ہیں جنہوں نے ذاتی مفادات کی بجائے ہمیشہ ملک اور عوام کے لیے قربانی دی۔ ان کی مقبولیت اور عوامی طاقت مخالفین کے تمام حربوں کو ناکام بنا دے گی اور ان شاء اللہ پاکستان ایک نئی صبح کی طرف بڑھے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات