جی ایچ کیو حملہ کیس،بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے بجائے عدالت میں پیش کرنے کی درخواست منظور

ملزم کی ذاتی حاضری آئینی اور قانونی حق ہے، ملزم کو قانونی حقوق نہ دینا آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں موقف

بدھ 17 ستمبر 2025 20:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل سے اے ٹی سی منتقل کرنے کے معاملے کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے بجائے عدالت میں پیش کرنے کی درخواست منظور کر لی۔دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ بانی تحریکِ انصاف کو ویڈیو لنک کے بجائے عدالت میں پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کی ذاتی حاضری آئینی اور قانونی حق ہے، ملزم کو قانونی حقوق نہ دینا آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کیس میں صرف بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر پیش کرنا امتیازی سلوک ہے، بانی پی ٹی آئی کی ذاتی حاضری سے شفاف اور منصفانہ ٹرائل یقینی ہو گا۔عدالت نے ویڈیو لنک پر پیشی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی اور فریقین سے 19 ستمبر کو دلائل طلب کر لیے۔