وزیراعلی کا معذور افراد کیلیے شمولیتی مرکز کا افتتاح، 34ہزار مربع فٹ پر محیط مرکز میں کئی سہولیات موجود

خصوصی افراد کے مطالبے پر ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ طلب، ٹیسٹ میں کامیاب افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی ہدایت

بدھ 17 ستمبر 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں مرکز برائے معذوری شمولیت کا افتتاح کیا جو محکمہ بحالی و بااختیاری معذوران سندھ حکومت نے "ناو پاکستان ڈس ایبیلٹی پروگرام" کے اشتراک اور ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے تعاون سے قائم کیا ہے۔ وزیراعلی نے اسے ملک کی سب سے بڑی اور جدید ترین سہولت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مرکز خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کی سمت ایک سنگ میل ہے۔ یہاں پیشہ ورانہ تربیت، معاشی خود مختاری اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 34 ہزار مربع فٹ پر محیط یہ مرکز وہیل چیئر مینوفیکچرنگ یونٹ، آئی ٹی اور ٹیکسٹائل ٹریننگ لیبز، صنعتی سلائی رومز، پیکجنگ ورکشاپس، کلنری اور بیوٹیشن پروگرامز کے ساتھ ساتھ نیورو ڈائیورس افراد کے لیے بحالی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مراد علی شاہ نے مرکز کا دورہ کیا اور زیر تربیت بچوں اور نوجوانوں سے ملاقات کی جن میں سماعت اور بصارت سے محروم افراد شامل تھے جو آئی ٹی اور تخلیقی کاموں میں مصروف تھے، خواتین بیوٹی اسکلز سیکھ رہی تھیں اور نوجوان ککنگ اور ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ کی تربیت لے رہے تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ مجھے ان کا ہنر دیکھ کر خوشی ہوئی۔ یہ بچے اور نوجوان پاکستان کا فخر بنیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت فلاح اور شمولیت میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ یہ صرف آغاز ہے۔ ہم سب مل کر آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل بنائیں گے۔ انہوں نے محکمہ بحالی و بااختیاری معذوران اور ناو پاکستان ڈس ایبیلٹی پروگرام کی کاوشوں کو سراہا۔اپنے دورے کے دوران خصوصی افراد نے وزیراعلی سے مطالبہ کیا کہ رکشہ چلانے کی تربیت یافتہ افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت دی جائے۔

وزیراعلی نے موقع پر ہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل ڈرائیونگ لائسنس برانچ یونس چانڈیو کو طلب کیا اور ہدایت دی کہ مرکز میں پیشہ ورانہ ڈرائیونگ ٹیسٹ منعقد کیے جائیں اور جو اہل قرار پائیں انہیں لائسنس جاری کیے جائیں۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے ایک تربیت یافتہ ڈرائیور کے ساتھ مختصر رکشہ سفر بھی کیا اور ان کی مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھے ڈرائیور ہیں۔ تمام رسمی کارروائیاں مکمل کریں اور انہیں لائسنس جاری کریں۔وزیراعلی سندھ نے اپنے خطاب کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا کہ ان کی حکومت کا دوہرا مقصد ہے، سندھ بھر میں امن و امان کی بحالی اور ایسا شمولیتی ترقیاتی عمل جس میں کوئی طبقہ پیچھے نہ رہ جائے۔