مالدیپ کے پارلیمانی وفد کی خواتین پارلیمانی کاکس ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی اور اراکین سے ملاقات

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے قومی اسمبلی کی سیکرٹری برائے خواتین پارلیمانی کاکس (ڈبلیو پی سی)ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی اور کاکس کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور خواتین کی صحت، خواتین کے لئے قانونی تحفظ اور قانون سازی میں اصلاحات کے ذریعے عوامی مجلس میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے اہم مقصد سمیت اہم مسائل کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ڈبلیو پی سی کے ممبران بھی موجود تھے۔مالدیپ کا پارلیمانی وفد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ ملاقات کے موقع پر بچوں کے حقوق سے متعلق پارلیمانی کاکس کی کنوینئر ڈاکٹر نکہت شکیل خان، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن منزہ حسن،پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت، قومی ورثہ اور ثقافت، فرح ناز اکبر کے علاوہ ارکان قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا، ڈاکٹر شرمیلا فاروقی ، صوفیہ سعید شاہ اور آسیہ ناز تنولی سمیت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈبلیو پی سی نے مالدیپ کے وفد کو اپنی مکمل حمایت کی پیشکش کی ۔ انہوں نے پارلیمانی طریقہ کار کے ساتھ منسلک تجاویز کی ترقی، ماہرین، سول سوسائٹی اور کمیونٹی گروپس کے ساتھ مشاورت کی سہولت فراہم کرنے اور سیاسی نمائندگی میں صنفی مساوات کی اہم اہمیت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔