پی سی جی اے نے ملک بھر سےکپاس کی فیکٹریوں میں آمد کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے

جمعرات 18 ستمبر 2025 18:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) نے ملک بھر سےکپاس کی فیکٹریوں میں آمد کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں، جن کے مطابق 15 ستمبر 2025 تک ملک کی جننگ فیکٹریوں میں 20 لاکھ 4 ہزار384 گانٹھ کپاس پہنچی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔پی سی جی اے کے مطابق 15 ستمبر 2024 تک فیکٹریوں میں 14 لاکھ 34 ہزار 28 گانٹھ کپاس آئی تھی، جبکہ رواں سال کپاس کی آمد میں 5 لاکھ 70 ہزار 356 گانٹھ کا اضافہ ہوا ہے جو کہ 39.77 فیصد اضافہ بنتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب کی فیکٹریوں میں اب تک 6 لاکھ 90 ہزار 254 گانٹھ کپاس آئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1 لاکھ 51 ہزار 568 گانٹھ زیادہ ہے۔ پنجاب میں کپاس کی آمد میں اضافہ 28.14 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبہ سندھ میں 13لاکھ 14 ہزار 130 گانٹھ کپاس آئی ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 4 لاکھ 18 ہزار 788 گانٹھ زیادہ ہے۔ سندھ میں اضافے کی شرح 46.77 فیصد رہی۔

15 ستمبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں آنے والی کپاس سے 17 لاکھ 76 ہزار 316 گانٹھ روئی تیار کی گئی جبکہ اس وقت 428 جننگ فیکٹریاں آپریشنل ہیں۔ پنجاب میں 212 فیکٹریاں چل رہی ہیں جہاں 6 لاکھ 25 ہزار 161 گانٹھ روئی تیار ہوچکی ہے۔رواں سیزن میں ایکسپورٹرز اور ٹریڈرز نے مجموعی طور پر 26 ہزار 400 گانٹھ روئی خریدی جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر نے 16 لاکھ 52 ہزار 204 گانٹھ خریدی ہے ، تاہم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی ) نے کپاس کی خریداری میں حصہ نہیں لیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ضلع ملتان میں 10 ہزار 847، لودھراں میں 5 ہزار 700، خانیوال میں 86 ہزار 218، مظفرگڑھ میں 9 ہزار 952، ڈیرہ غازی خان میں 94 ہزار 74، راجن پور میں 28 ہزار 124، لیہ میں 37 ہزار 234، وہاڑی میں 1 لاکھ 14 ہزار 385، ساہیوال میں 57 ہزار 303، رحیم یار خان میں 42 ہزار 280، بہاولپور میں 63 ہزار 870 اور بہاولنگر میں 86 ہزار 725 گانٹھ کپاس فیکٹریوں میں پہنچی۔

اسی طرح سندھ میں سب سے زیادہ کپاس ضلع سانگھڑ میں 7 لاکھ 78 ہزار 950 گانٹھ آئی۔ میرپور خاص میں 62 ہزار 900، نواب شاہ میں 47 ہزار 500، نوشہرو فیروز میں 62 ہزار 600، خیرپور میں 41 ہزار 780، سکھر میں 99 ہزار 600، جامشورو میں 28 ہزار600 اور حیدرآباد میں 96 ہزار گانٹھ کپاس پہنچی۔ صوبہ بلوچستان کی فیکٹریوں میں 75 ہزار 100 گانٹھ کپاس آئی ہے۔پی سی جی اے کے مطابق ملک بھر میں کپاس اور روئی کا غیر فروخت شدہ اسٹاک اس وقت 3 لاکھ 25 ہزار 780 گانٹھ موجود ہے۔