پی بی آئی ٹی بورڈ کی پنجاب میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کیلئے منصوبہ بندی

بورڈ ممبران نے پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست اقدامات کی تجاویز پیش کیں، صوبے کو سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کا اعادہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 49واں اجلاس چیئرمین محمد منتہا اشرف کی زیر صدارت پی بی آئی ٹی کے بورڈ روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور پنجاب کو کاروبار اور صنعت کے لیے خطے کا بہترین مرکز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ نوشین ملک، سی ای او پی بی آئی ٹی عمران خاور، احمد علی طارق، فیصل جاوید، میاں خالد مصباح، مریم خان، کامران سعید عثمانی اور پروفیسر ڈاکٹر عابد ایچ شیروانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں مزید چار نئے بزنس فیسلٹیشن سنٹرز کے قیام پر بھی غور کیا گیا تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بورڈ ممبران نے پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست اقدامات کی تجاویز پیش کیں اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فعال بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں کے ذریعے معیشت کے استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافے پر زور دیا گیا۔

چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ محمد منتہا اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی رہنمائی میں پنجاب کو ان کے ویڑن کے مطابق سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین مقام بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے پنجاب کی معیشت میں نئی جان ڈالی جائے گی اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پالیسی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے تاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین اور شفاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ B2B کیٹگری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں اور نئی سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی رہنمائی میں پنجاب کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین مقام بنایا جائے گا اور پی بی آئی ٹی اس ضمن میں اپنی بھرپور ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔