بارانی زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس اٹک میں نئے طلباء کے لئے اورینٹیشن سیشنز کا انعقاد

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے سب کیمپس اٹک میں داخلہ لینے والے نئے طلباء کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لئے خصوصی اورینٹیشن سیشنز کا انعقاد کیا۔ اس سیشنز کا مقصد طلباء کو یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، تعلیمی پروگرامز اور کیمپس کے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیشنز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل آفیسرز کے ہمراہ شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی صفِ اول کی یونیورسٹی میں آپ سب طلباء کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارا مقصد آپ کے تعلیمی جذبے کو مزید بڑھانا اور ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جو آپ کو ترقی اور جدت کی طرف مائل کر سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب، حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ اٹک کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی طلباء کی مکمل تعلیمی معاونت کے لئے پُرعزم ہے اور انہیں جدید ترین سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ طلباء ترقی کی راہ پر گامزن ہو کر اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکیں۔

وائس چانسلر نے تمام شعبوں میں تعلیمی معیار کی بہتری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں جدید او بی ای سسٹم کے تحت بین الاقوامی معیار کی تعلیم دی جا رہی ہے۔سیشن کے دوران رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل آفیسرز نے طلباء کو مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، پالیسیوں اور دیگر اہم امور کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام فیکلٹیز اور انسٹیٹیوٹس میں طلباء کی بہتر رہنمائی کے لئے معلوماتی ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں انتظامی عملہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے اور طلباء کو بہترین رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔