لاکھوں مالیت کا ریلوے سامان خرد برد کرنے میں ملوث 3ریلوے ملازم گرفتار

ریلوے سامان کی خرد برد ،اسکی چوری میں ملوث ملزمان کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا‘ عبدالرب چودھری

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے ریلویز محمد حنیف عباسی کی ہدایت کی روشنی میں ریلویز پولیس کا آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر کی سربراہی میں ریلوے مٹیریل چوری کرنے میں ملوث ملزمان اور سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔ اس سلسلے میں اسپیشل برانچ اور ریلویز پولیس نے ڈی ایس آفس مغلپورہ ورکشاپس میں مشترکہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے محکمہ ریلوے کے لاکھوں مالیت کے سامان کی خرد برد میں ملوث 3ریلوے ملازمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے ریلوے کیرج شاپس سے سپوکنل شیٹ کے 4رول ایشو کرواکے 2رول خرد برد کرلئے تھے اور شیٹس کو ڈی ایس آفس مغلپورہ میں ٹرک کے ذریعے لیجارہے تھے جس دوران اسپیشل برانچ اور ریلویز پولیس کے اے ایس آئیز رفیق ڈوگر اور اظہر عباس نے ٹرک کو داخلی راستے پر چیکنگ کے لئے روکا۔

(جاری ہے)

ٹرک کی تلاشی لینے پر ٹرک میں گیٹ پاس رسید کے مطابق ریلوے کی لاکھوں مالیت کی 4میں سے 2سپوکنل شیٹس غائب تھیں۔

ابتدائی انٹیروگیشن پر معلوم ہوا کہ خردبرد کئے گئے 2رول ریلوے ڈی ایس آفس میں تعینات بجٹ کلرک احمد علی نے اپنیکوارٹر میں چھپا رکھے ہیں جس پر ریلویز پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی خرد برد کی گئیں 2 سپوکنل شیٹس کے رول جنکی قیمت تقریبا چار لاکھ روپے ہے کو برآمد کرلیا۔مزید کارروائی کرتے ہوئے ریلویز پولیس نے ریلوے بجٹ کلرک ڈی ایس آفس احمد علی، ٹرک ڈرائیور کیرج شاپس امیر حسین اور ہیمر مین ڈی ایس آفس مصطفی احمد کو موقع سے گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس ورکشاپس ڈویژن مغلپورہ میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

ڈی آئی آئی جی نارتھ عبدالرب چودھری نے کامیاب کارروائی کرکے ریلوے کا لاکھوں مالیت کا سامان برآمد کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے سامان کی خرد برد اور اسکی چوری میں ملوث ملزمان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے جرائم پیشہ افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کے ریلوے اثاثہ جات اور تنصیبات قومی امانت ہیں جنکی ہر ممکن حفاظت کی جائے گی۔