گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید میجر عدنان اسلم کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید میجر عدنان اسلم کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر پنجاب نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میجر عدنان اسلم نے دہشت گردوں کے خلاف انتہائی جوانمردی کا مظاہرہ کیا اور اپنے ساتھی کو بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی، ان کی قربانی کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ شہید کے اہل خانہ کا حوصلہ قابلِ رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہید میجر عدنان اسلم کے پورے خاندان کو سیلوٹ کرتا ہوں۔ سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ وطن کے لیے جان قربان کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں اور شہداء اور ان کے اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کیپٹن تیمور حسن شہید کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن تیمور حسن شہید سمیت تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ہم آزادی کی فضا میں انہی شہداء کی بدولت سانس لے رہے ہیں اور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام ہے۔