میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے پروفیسر عبدالغنی بٹ کو زبردست خراج عقیدت

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سینئر حریت رہنما پروفیسر غنی بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر عبدالغنی بٹ کابدھ کی شام سوپور میں انتقال ہو گیاتھا۔

میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پروفیسر بٹ کے ساتھ اپنی 35سالہ رفاقت کو باعث اعزاز قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ انہیں عظیم کشمیری دانشور کو قریب سے جاننے اور ان کی حکمت سے سیکھنے کا موقع فراہم ہوا۔ میرواعظ نے کہا کہ پروفیسر بٹ ایک ماہر تعلیم، اسکالر اور مدبر سیاست دان تھے ،جنہوں نے مذاکرات اور مسلسل بات چیت کو مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کا واحد عملی طریقہ قرار دیاتھا۔

(جاری ہے)

ایک ایسے وقت میں جب بہت سے لوگ مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں طر ح طرح کی باتیں کر رہے تھے پروفیسر بٹ نے کھل کر واضح موقف اختیار کیا۔میرواعظ نے کہا کہ پروفیسر بٹ کوکشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگااور ان کی قربانیوں کو خدمات کو ہرگز فراموش نہیں کیاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر بٹ کی وفات سے پیدا ہونے والے خلاکو ہرگز پر نہیں کیاجاسکتا تاہم انکا وژن کشمیریوں کی ہمیشہ رہنمائی کرتی رہے گی ۔