Live Updates

سیالکوٹ ، ڈائر یکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کا سیالکوٹ جی پی او آفس کا دورہ، سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامات و سروسز کا تفصیلی کا جائزہ لیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 17:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل آف پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان نے جمعہ کو سیالکوٹ جی پی او آفس کا دورہ کیا اور حالیہ سیلابی صورتحال کے تناظر میں کیے گئے انتظامات و سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی جی پاکستان پوسٹ کو جی پی او انتظامیہ نے بریفنگ دی اور بتایا کہ سیلابی صورتحال کے باوجود ڈاک کی ترسیل اور مالیاتی خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں ڈاک اور مالی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ایک عوامی خدمت کا ادارہ ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیالکوٹ جی پی او، پوسٹل ڈویژن سیالکوٹ،ڈسٹرکٹ میل آفس، انٹر نیشنل میل آفس، ڈلیوری برانچ ، پارسل برانچ اور رجسٹری امپورٹ برانچ کا بھی دورہ کیا ، صفائی کی صورتحال اور ڈیوٹی پر موجود ملازمین کے کام کو سراہا اور رجسٹری ، پارسل ، وی پی پارسل و دیگر ڈاک کی بلنگ ، ڈاک کی ڈلیوری کو آن لائن چیک کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے سینئر پوسٹ ماسٹر سجاد احمد، شاہد نور، یعقوب اور دیگر ملازمین کو بہتر کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت یادگاری پودا بھی لگایا اور سبز پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔مزید برآں ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے خواتین ملازمین کے لیے نماز کی مختص کردہ جگہ کا بھی افتتاح کیا، جو خواتین کی سہولت اور عبادت کے لیے ایک خوش آئند اقدام قرار ہے۔اس موقع پر آئی ایم ڈی کنٹرولر اعتزاز حسین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات