مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت مسلم امہ کے مشترکہ فریضے میں شامل ہے،حاجی جمیل ضیاء

جمعہ 19 ستمبر 2025 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما وٹاؤن چیئرمین اورنگی ٹان حاجی جمیل ضیا نے کہاہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت مسلم امہ کے مشترکہ فریضے میں شامل ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی رشتے وقت کے تقاضوں کے مطابق مضبوط کیے جانے چاہئیں۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ بھائی چارے اور اعتماد پر قائم رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ رشتہ مزید مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھے گا۔

حرمین ہمارے ایمان کا محور ہیں۔ ان کی حفاظت میں تعاون کو محض سکیورٹی معاملہ نہیں بلکہ اسلامی بھائی چارے اور مشترکہ ذمہ داری سمجھا جانا چاہیے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ٹان آفس سے جاری کردہ بیان میں کیا۔دفاعی اور تربیتی تعاون کا دائرہ ان شعبوں تک توسیع پائے جو دونوں قوموں کے عوام کے مفاد میں ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ خیرخواہی اور تعاون کے جذبے کے ساتھ سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کو برقرار رکھے گا۔

جبکہ حساس امور میں شفافیت اور باہمی مشاورت کو اولین حیثیت دی جائے تاکہ عوامی اعتماد مستحکم رہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے موثر دفاعی شراکت داری ضروری ہے، مگر اس کا محور محبتِ اسلامی اور باہمی احترام ہونا چاہیے۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی قدر کریں اور اس رشتے کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ مکہ و مدینہ کی حفاظت پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دفاعی و تربیتی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد خطے میں امن اور مذہبی رواداری کی حمایت ہے۔