پاکستان ،سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ ملکی و علاقائی دفاع و سلامتی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ،امتیاز نسیم

ْ

جمعہ 19 ستمبر 2025 21:31

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)آزاد جموں و کشمیر کی وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل امتیاز نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ تاریخی دفاعی معاہدہ نہ صرف ملکی و علاقائی دفاع و سلامتی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ اس کے ملکی ترقی اور تحریکِ آزادی کشمیر پر بھی دور رس اثرات مرتب کرے گا۔

انہوں نے میڈیا سے گزشتہ روز یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں اس معاہدے کے حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں تمام پارلیمان سیاسی جماعتوں کے قائدین، وزراء اور اراکین اسمبلی نے پاکستان اور سعودی عرب کے اس معاہدے کا بھرپور خیر مقدم کیا اور اس کے مثبت نتائج پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

امتیاز نسیم نے کہا کہ جیسا کہ انہوں نے اسمبلی اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران بھی واضح کیا تھا کہ اس تاریخی دفاعی معاہدے کی تشکیل، اس کی ترجیحات کے تعین اور اسے یقینی بنانے میں پاکستان کی سیاسی و حکومتی قیادت کے ساتھ ساتھ عسکری قیادت نے نہایت اہم، مؤثر اور جاندار کردار ادا کیا ہے، جس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، وزیر خارجہ خصوصاً آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں، جنہوں نے سعودی عرب، چین، ایران اور دیگر اہم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اہم معاہدوں کو عملی شکل دینے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

ان کوششوں کے نہ صرف ملکی دفاع و سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ ملکی ترقی، معیشت اور سیاست پر بھی گہرے اور دیرپا اثرات ظاہر ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ممتاز راہنماء سابق چیئرمین حریت کانفرنس عبد الغنی بٹ کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کشمیر کاز کے لیے گرانقدر خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی ان خدمات کو تاریخ میںہمیشہ شاندار الفاظ میں یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلوں کے لیے ان کا مدبرانہ اور جرأت مندانہ رول ہمیشہ قابل فخر اور قابل تقلید رہے گا۔