جنگ1965 ءکا بیسواں دن، افواجِ پاکستان کی بھرپور برتری برقرار رہی،12 بھارتی ٹینک تباہ اور 4 طیارے مارگرائے گئے

ہفتہ 20 ستمبر 2025 13:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) ستمبر 1965 کو جنگ کے بیسویں روز بھی افواجِ پاکستان نے میدانِ جنگ میں بھارت پر اپنی واضح برتری برقرار رکھی، مختلف محاذوں پر دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ سیالکوٹ اور جموں سیکٹر میں پاک فوج نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی اور بھارتی قبضے میں موجود علاقوں پر مسلسل حملے کیے۔ واہگہ اٹاری کے محاذ پر دشمن کے مزید 12 ٹینک تباہ کیے گئے جس کے بعد بھارت کے مجموعی طور پر تباہ ہونے والے ٹینکوں کی تعداد 494 ہو گئی۔

(جاری ہے)

راجھستان اور اکھنور کے علاقوں میں پاکستانی توپ خانے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا۔ فضائی محاذ پر بھی پاک فضائیہ کا پلہ بھاری رہا۔ آج کے روز مزید 4 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے جس سے تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں کی مجموعی تعداد 110 ہو گئی۔ پاک فضائیہ نے انبالہ، جودھپور، جموں، جام نگر اور ہلواڑہ میں دشمن کے ہوائی اڈوں اور تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا۔ بحری محاذ پر پاک بحریہ نے بحر ہند میں اپنی برتری قائم رکھی اور بھارتی بحریہ کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا۔ افواجِ پاکستان کے جوان وطن کے دفاع کے لیے پورے عزم و حوصلے کے ساتھ دشمن کا مقابلہ اور ہر محاذ پر کامیابی کی داستانیں رقم کر رہے تھے۔