پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی پروٹوکول پر دستخط سے تجارتی ہدف کے حصول میں مدد ملے گی،شاہد عمران

اتوار 21 ستمبر 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی پروٹوکول پر دستخط سے 10 بلین ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔ اتوار کو یہاں معروف آرکیٹیکٹ عائشہ رفاقت کی قیادت میںملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ٹیرف و نان ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے، بجلی کی ترسیل کو وسعت دینے اور مواصلاتی چینلز کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پروٹوکول پر دستخط کیے ہیں۔

پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے دوران دستخط کیے گئے نئے پروٹوکول کے تحت تجارت و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے، بارڈر مارکیٹوں کے قیام اور بزنس ٹو بزنس تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور سڑک، ریل، فضائی و سمندری روابط اور نقل و حمل کو فروغ دینے کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں ریل کارگو کی صلاحیت کو بڑھانا، ایئر نیویگیشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنا اور مسافروں، خاص طور پر زائرین کے لیے نامزد بندرگاہوں کے درمیان فری سروسز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں فریقین نے گوادر تک 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر و بحالی پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مشترکہ ورکنگ گروپ پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے پر کام کرے گا، جبکہ آبی وسائل کے انتظام میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ شاہد عمران نے کہا کہ زراعت اور ماحولیات کے شعبوں میں دونوں ممالک نے ویٹرنری صحت کے معیارات، کیڑے مکوڑوں پر قابو پانے اور زرعی بیجوں و آلات کی ترقی کے معاہدوں پر عمل درآمد کا عہد کیا۔ مشترکہ کوششوں کے ذریعے آب و ہوا سے متعلق چیلنجز، خاص طور پر ریت اور دھول کے طوفانوں کی روک تھام اور مینگروو کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ پر اتفاق کیا گیا۔