پنجاب پولیس کو کچہ کے علاقے میں بڑی کامیابی ،6 مغوی بازیاب کر الئے

عمرانی گینگ کے ڈاکوئوں نے گزشتہ اتوار کی شب روجھان سے 6 شہریوں کواغوا ء کیا تھا، ڈاکوئوں کے 7سہولت کار گرفتار

اتوار 21 ستمبر 2025 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پنجاب پولیس نے راجن پور میں کچہ کے علاقے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 6 مغوی بازیاب کر الئے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عمرانی گینگ کے ڈاکوئوں نے گزشتہ اتوار کی شب روجھان سے 6 شہریوں کواغوا ء کیا تھا ۔ڈاکو مغویوں کو اغوا ء کرکے کچے کی جانب فرار ہوئے اور اطلاع ملنے پر پولیس نے ڈاکوئوں کو گھیرے میں لیا ہوا تھا،۔

(جاری ہے)

راجن پور پولیس نے مغویوں کی بازیابی کے لئے کچے کے علاقے میں مغویوں کی بازیابی کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔پولیس کی بھاری نفری آپریشن کے دوران ڈاکوئوں کے ٹھکانوں میں داخل ہوگئی، پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکو فرار ہو گئے جبکہ ان کے 7 سہولت کار گرفتار کر لئے گئے ۔آپریشن کے دوران 6مغویوں کو بحفاظت کرا لیا گیا ۔پولیس نے ڈاکوئوں کے ٹھکانوں کو آگ لگا دی جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لئے ان کا تعاقب جاری ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروانے پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے ۔